دھند برقرار،حادثات میں 9جاں بحق،8پروازیں منسوخ
ساہیوال،سرگودھامیں5،ٹوبہ میں ماں بیٹی سمیت 4افراد چل بسے آج بھی ملک میں موسم سردرہے گا،لاہور میں درجہ 5 ڈگری رہا
لاہور،اسلام آباد (نمائندگان دنیا ،اپنے رپورٹرسے )پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک ، میدانی اضلاع میں دھند چھائی رہی ،اس دوران مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے د وران ماں بیٹی سمیت 9 افراد جاں بحق،5شدید زخمی ہو گئے ،ملک بھر میں 8 پروازیں منسوخ کردی گئیں ، 53 تاخیرکا شکار ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونحوا کے میدانی اضلاع میں گزشتہ روز بھی شدید دھند چھائی رہی ،ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی12، سکردومنفی10، گوپس منفی 9 ، گلگت منفی 7، ہنزہ منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ریکارڈ کیا گیا ۔ آج بھی موسم سرد اور دھند چھا نے کا امکان ہے ۔
ادھر لاہورمیں فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کے سبب 4 پروازوں نے اسلام آباد لینڈنگ کی جبکہ اسلام آباد گلگت کی قومی ایئر لائن کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ادھر ساہیوال (سرگودھا)میں جھنگ روڈ پر روئی سے بھرا ٹرک شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل سے ٹکرا گیاجس سے موٹرسائیکل سوار 2 خواتین اور 1 مرد موقع پر جاں بحق ہو گئے ،حادثے کے بعد آگ بھڑکنے سے ٹرک جل کر تباہ ہو گیا ، تینوں لاشیں بھی جل کر ناقابل شناخت ہو گئیں ۔ جھنگ روڈ پر ہی اعواناں والی پل کے قریب ٹرک کی کار کو ٹکر سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں رجانہ مل موڑ پر مسافر بس سامنے سے آنیوالی کار اورموٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس سے وہاڑی کا رہائشی کار سوار 50 سالہ منشا، 40 سالہ ممتاز بی بی اور اس کی 16 سالہ بیٹی ماہ نور دم توڑ گئی ، منشاء کے 2 بیٹے زخمی ہوئے ،موٹر سائیکل سوار محمد فیض بھی جاں بحق ، اہلیہ زخمی ہو گئی ، بس ڈرائیور فرار ہو گیا۔