قلات :فورسز کا آپریشن،فتنہ الہندوستان کے4دہشتگرد ہلاک:بنوں امن کمیٹی پر فائرنگ4افراد جاں بحق
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد، علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری:آئی ایس پی آر باپ بیٹے سمیت امن کمیٹی کے ارکان جرگے سے واپس آرہے تھے کہ گھات لگائے دہشتگردوں کا نشانہ بن گئے
راولپنڈی،بنوں(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک کردئیے جبکہ بنوں امن کمیٹی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4افراد جاں بحق ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد مارے گئے ۔ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے ۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر نے کہا علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔دریں اثنا بنوں میں امن کمیٹی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق بنوں میں ہوید کے علاقے میں امن کمیٹی ممبران کو دہشتگردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ امن کمیٹی کے ممبران گلبدین لنڈائی ڈاک میں جرگے سے واپس آرہے تھے کہ اس دوران گھات لگائے دہشتگردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے ۔پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔پولیس نے واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردی گئیں۔