میڈیکل کالجز میں داخلوں بارے وزیراعلیٰ بلوچستان کا مریم نواز کو خط
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں بلوچستان کے طلبہ کے داخلوں کامعاملہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر رواں سال داخلہ سابقہ ایڈمیشن پالیسی کے تحت کرنے کی استدعا کر دی ۔
خط کے متن کے مطابق پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز بلوچستان کوٹہ پر رواں سال کیلئے سلیکشن کا عمل مکمل کر چکے ہیں جس میں بلوچستان کے تمام زونز سے میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کا انتخاب کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مؤقف اختیار کیا کہ کوٹہ پر داخلہ پالیسی میں کی گئی تبدیلی کا اطلاق آئندہ تعلیمی سال سے کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں بلوچستان کوٹہ کی مجموعی طور پر 24 نشستیں مختص ہیں ،تاہم پنجاب حکومت نے رواں سال بلوچستان کوٹہ پر براہ راست داخلے کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)کے ذریعے بلوچستان کے طلبہ کو آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے خط میں استدعا کی کہ رواں سال کیلئے بلوچستان حکومت کی جانب سے مرتب کردہ فہرست کے مطابق ہی داخلے کئے جائیں تاکہ طلبہ کسی غیر یقینی صورتحال اور تعلیمی نقصان سے بچ سکیں۔