فنڈز عدم فراہمی، چیئرمین تحصیل حویلیاں نے وزیراعلیٰ کی گاڑی روک لی
پی ٹی آئی کو پذیر ائی دلوائی ،چار سال سے فنڈز نہیں ملے :سپورٹرزکے ہمراہ احتجاج ڈاکٹر وردہ قتل رپورٹ سامنے لائیں،ڈاکٹر وں کامظاہرہ،سہیل آفریدی کی یقین دہانی
ایبٹ آباد (شوکت سالار) وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا کا سٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے ہزارہ ڈویژن کا دورہ ، تحصیل چیئرمین حویلیاں عزیر شیر خان نے سہیل خان آفریدی کی گاڑی کو اپنے دفتر کے باہر احتجاجی طور پر روک لیا۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین حویلیاں عزیر شیر خان نے اپنے سینکڑوں سپورٹر زکی موجودگی میں تحصیل حویلیاں کے عوام کے ساتھ ہونے والی فنڈز کی عدم فراہمی کی زیادتی پراحتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو باور کرایا کہ انکے شہید بھائی عاطف منصف خان نے تحصیل حویلیاں کی سیٹ جیت کر تحریک انصاف کو گفٹ کی تھی، اُس وقت کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے وعدہ کیا تھا کہ تحصیل کو فنڈز جاری کیے جائیں گے ، جس پر عاطف منصف خان نے تحریک انصاف کو تحصیل حویلیاں میں پذیر ائی دلوانے میں بھرپور حصہ لیا ، اب چار سال ہونے جا رہے ہیں صوبائی حکومت کی طرف سے تحصیل حویلیاں کو کسی قسم کے فنڈز جاری نہیں کیے گئے ،وزیر اعلیٰ نے چیئرمین کے مطالبات سنے اور یقین دہانی کروائی کہ مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروں گا ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیے ڈاکٹر زفیڈریشن نے ایبٹ آباد فوارہ چوک میں احتجاج کیا ، جس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوانے یقین دہانی کروائی قتل کیس کی رپورٹ میری ٹیبل پر پڑی ہے ، اسے عوام کی عدالت میں لائوں گا اور اس میں ملوث تمام ملزمان کوکیفر کردار تک پہنچایاجائے گا۔