جنید صفدر کاولیمہ ،وزیراعظم سمیت اہم شخصیات کی شرکت
تقریب میں مریم نواز نمایاں ، 800مہمان مدعو ، فضا میں موسیقی کے سر نواز شریف ، شہباز شریف، کیپٹن (ر) صفدر نے مہمانوں کا استقبال کیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کے نواسے اوروزیراعلیٰ مریم نوا زکے بیٹے جنید صفدر کی دعوت ولیمہ گزشتہ روز جاتی امرا میں ہوئی ،دعوت ولیمہ میں وزیراعظم شہبازشریف ،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ،خواجہ آصف ،خرم دستگیر، حمزہ شہباز ، ملک محمداحمد ،سعد رفیق ، پرویز رشید ،سلمان شہباز ،مریم اورنگ زیب ،ناصر بٹ ، عابد شیر علی ،ڈاکٹر راغب نعیمی،رانا محمد اقبال ،منشااللہ بٹ، رانا ثنااللہ ، عظمیٰ بخاری ،شیخ روحیل اصغر ،سہیل ضیا بٹ ،چودھری منیر ،مجیب الرحمن شامی، سلمان غنی ،کامران شاہد ،عمر شامی ،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور ،بلا ل صدیق کمیانہ ، افضل کھوکھر سمیت دولہا اوردلہن کے اہلخانہ ،قریبی عزیز واقارب ، سیاسی ، مذہبی ، کاروباری شخصیات ، وفاقی و صوبائی وزرا اور غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی ۔تقریب میں فیلڈ مارشل کی موجودگی کو غیر معمولی پذیرائی ملی جنہیں لوگ بھارت کے خلاف عظیم فتح پر مبارکباد پیش کرتے نظر آئے ۔
بتایا گیا ہے کہ دعوت ولیمہ کی تقریب میں 800 مہمانوں کو مدعو کیاگیا تھا ۔نواز شریف ، شہباز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ دولہا جنید صفدر اپنی دلہن شانزے علی روحیل کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے تقریب میں پہنچے ،جنید صفدر نے سفید شلوار اور گرے رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی، دلہن شانزے علی پنک عروسی لباس میں ملبوس تھیں۔پنڈال کو بھی دلہن کے عروسی لباس کی نسبت سے پنک پھولوں کے ساتھ سجایا گیا تھا۔تقریب کے دوران سازندے فضا میں خوبصورت دھنوں کے سر بکھیرتے رہے ۔دعوتِ ولیمہ کے موقع پر جاتی امرا ء کے باہر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ، ایک ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے انتظام کیا گیا ۔ جنید صفدر کے ولیمہ میں مریم نواز کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں مریم نواز نے قیمتی لباس زیب تن کر رکھا تھا اور وہ تقریب میں سب سے نمایاں نظر آ رہی تھیں، ان کے لباس کی تیار ی دیدنی تھی جس پر بختاوربھٹو زرداری بھی تعریف کئے بغیر رہ نہ سکیں۔بختاور بھٹو زرداری کی پوسٹ سے شرمیلا فاروقی بھی متاثر نظر آئیں اور انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ بھی اپنے بیٹے کی شادی پر اسی طرح خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں۔