خیبر پختونخوا:فائرنگ ،اے ایس آئی اور استاد قتل ،آپریشن میں دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا:فائرنگ ،اے ایس آئی اور استاد قتل ،آپریشن میں دہشتگرد ہلاک

کلاچی میں آپریشن کے دوران شدیدفائرنگ کا تبادلہ،2دہشتگردزخمی بھی ہوئے ،اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کوہاٹ میں اے ایس آئی مصدق اورڈی آئی خان میں ٹیچرمحسن کونامعلوم افراد نے گولی ماری ، وزیرستان میں پل تباہ

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اورکاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خوارجی گروہ کا ایک دہشت گرد ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ۔نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کوہاٹ میں اے ایس آئی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک استاد کو قتل کردیا ۔شمالی وزیرستان میں ایک پل کو دھماکے سے اڑا دیاگیاجبکہ بنوں میں  دہشت گردوں نے نجی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کرکے کنسٹرکشن مشینری جلادی ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی کلاچی اور ملحقہ علاقوں میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، شدید مقابلے کے بعد پولیس نے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا اور 2 زخمی ہو گئے ۔ خوارجی گروہ کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس جوان بھی زخمی ہوا۔ سی ٹی ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشتگرد کھتی چیک سمیت پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دستی بم اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوا۔ کوہاٹ کے علاقے نصرت خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی مصدق علی موقع پر دم توڑگیا جبکہ ملزم فرارہوگئے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ بندکورائی کے علاقہ سردارے والا کے رہائشی اور ڈہوتر اڈا کے سکول میں استاد 24سالہ محسن عباس بلوچ پیدل گھرجارہاتھاکہ موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔بنوں میں سرکلر روڈ پر دہشت گردوں نے نجی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کردیااور کیمپ میں موجود تمام کنسٹرکشن مشینری جلا دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ 20 سے 25 نامعلوم افراد گزشتہ رات کیمپ میں داخل ہوئے ، جن کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے ۔ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے خوشحالی میں ایک پل کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پل کے نیچے بارودی مواد نصب کیا تھا، جس کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ پل کی تباہی کے باعث کئی دیہات کا میر علی سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں