جھوٹی خبر پر قید وجرمانہ ہوسکتا این سی سی آئی اے ، آگاہی مہم کاآغاز
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) نے اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد اور فیک نیوز کی روک تھام کیلئے عوامی آگاہی مہم شروع کر دی اورجاری پیغام میں عوام کو خبردار کیا ہے۔
کہ سوشل میڈیا پر ایک غلط کلک یا غیر محتاط پوسٹ آپ کو قانونی مشکلات میں ڈال سکتی ہے ۔پیغام میں واضح کیا گیا کہ اعلیٰ عدلیہ اور مقتدر اداروں کے خلاف غیر مصدقہ معلومات پھیلانا سنگین قانونی جرم ہے ۔ این سی سی آئی اے کے مطابق پیکا ایکٹ کے سیکشن 26-A کے تحت جھوٹی خبریں پھیلانے پر تین سال تک قید ہو سکتی ہے ، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 20 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ عوام نفرت انگیز مواد اور فیک نیوز سے دور رہیں، ذمہ دار شہری بنیں اور انٹرنیٹ کو محفوظ بنائیں۔