پنجاب : مارکیٹوں، سکولوں، ہائی رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

پنجاب : مارکیٹوں، سکولوں، ہائی رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ

فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط کیلئے دو ہفتے کی مہلت،عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کیلئے صوبے میں کوئی جگہ نہیں ، مریم نواز وزیراعلیٰ نے ملکی تاریخ کے پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کردیا،ابتک 9لاکھ 94ہزار 36نوکریاں دی گئیں ، ایکس پر پیغام

لاہور (سٹاف رپورٹر ، دنیا نیوز،کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اہم اجلاس ہوا اورفائر آڈٹ،دو ہفتوں کا الٹی میٹم،تھرمل ڈرونز،جیو ٹیگڈ فائر ہائیڈرینٹس،بلڈنگ کوڈز 2022 کے نفاذکا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبے بھر کی تمام مارکیٹوں، عمارتوں، سکولوں اور ہا ئی رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں فائر ڈرل کرانے کا بھی حکم دے دیا جبکہ فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط مکمل کرنے کے لئے دو ہفتے کی مہلت دے دی اور بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر عملدرآمد کے لئے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات تفویض کرنے اور خصوصی سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں دو ہفتوں کے اندر تمام عمارتوں میں ایکسٹرنل فائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے ۔ مریم نواز نے کہا کہ عمارتوں میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لئے ہمت کے ساتھ حکمت اور ٹیکنالوجی بھی ضروری ہے ۔عمارتی تحفظ یقینی بنانا ہوگا،عوام کی زندگی سے کھیلنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔

دوسری طرف ملک بھر میں پٹرولنگ کیلئے پہلی الیکٹرک گاڑی پنجاب کا اعزاز بن گیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا ۔گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور الیکٹرک وہیکل کو خود ڈرائیو کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی کی رینج 410 کلومیٹر فی چارج ہے ، الیکٹرک گاڑی 30 سے 80 فیصد تک تقریباً 30 منٹ میں تیزی سے چارج ہو جاتی ہے ۔ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ الحمدُللہ، فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کئے جا چکے ہیں،3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں باقاعدہ سرکاری بھرتیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز میں توسیع کے ذریعے پیدا کی گئیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں