پارلیمانی وفد سرکاری خرچ پر عوام کی طرف سے عمرہ ،روضہ رسولؐ پر حاضری دیگا
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے روضہ رسول ؐ پر حاضری کے لیے پارلیمانی وفد کو سرکاری خرچ پر بھجوانے کی تجویز دی ہے۔
پارلیمانی وفد پاکستانی عوام کی طرف سے روضہ رسول ؐ پر سلام عرض کرے گا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی سربراہی میں ہوا۔قائمہ کمیٹی نے تجویز دی کہ روضہ رسول ؐ پر حاضری کے لیے پارلیمانی وفد سرکاری خرچ پر بھیجا جائے ۔ بتایا گیا کہ پارلیمانی وفد پہلے بھی پاکستانی عوام کی جانب سے سلام عرض کرنے روضہ رسول ؐ پر جا چکا ہے ۔ اب تجویز ہے کہ پارلیمانی وفد ہر سال مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ جائے ، وفد میں شامل ارکان کے اہلخانہ بھی ہمراہ جا سکیں گے اور عوام کی طرف سے وفد عمرہ ادا کرے گا۔ سپیکر کی عدم موجودگی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی وفد کی سربراہی کریں گے۔ رکن کمیٹی اعجاز الحق کی تجویز پر کمیٹی نے وفد کی تعداد سات کے بجائے دس کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد کے ارکان اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کریں گے جبکہ سپیکر کی غیر موجودگی میں چیئرمین وفد کی سربراہی کریں گے ۔رشتہ داروں کو سرکاری وفد میں شامل کرنے کی صورت میں اخراجات خود ادا کرنا ہوں گے ۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفد کو سٹیٹ گیسٹ قرار دینے کے لیے دفتر خارجہ کے نمائندے کو بلایا جائے ۔وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کمیٹی کی تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وفد کا جانا اعزاز کی بات ہوگی اور سرکاری خرچ پر جانے میں کوئی حرج نہیں۔