آلو مسائل ،قائمہ کمیٹی فوڈ سکیورٹی کاوزیراعظم کوملاقات کیلئے خط
قیمتوں، برآمدات میں کمی اور ترسیل میں تاخیر پر بریفنگ دی جائیگی
اسلام آباد ( حریم جدون) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ نے ملک میں آلو کے کاشتکاروں کو سنگین مسائل پر وزیراعظم سے فوری ملاقات کے لیے خط لکھ دیا ۔ یہ فیصلہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا ۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق قائمہ کمیٹی نے وزیراعظم سے 2 فروری سے 6 فروری کے دوران ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ مجوزہ ملاقات میں آلو کے شعبے کو درپیش موجودہ بحران، برآمدات میں تیزی سے کمی، مقامی منڈیوں میں مسلسل کم قیمتیں، نجی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے حد سے زیادہ کرایے ، طویل سفری راستے اور ترسیل میں غیر معمولی تاخیر جیسے مسائل پر وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی۔ خط کے مطابق ان تمام مسائل کے باعث آلو کے کاشتکار شدید مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ زرعی برآمدات میں کمی کے سبب قومی خزانے کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے ۔ قائمہ کمیٹی نے اس صورتحال کو قومی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے ۔تمام ارکان نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر وزیراعظم سے جلد ملاقات پر زور دیتے ہوئے اس تجویز کو وزیراعظم کے سامنے پیش کرنے اور مناسب ہدایات جاری کرنے کی درخواست کی ہے ۔