ناروے :شاہی خاندان کی 120سالہ تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل
شہزادی میٹے کے بیٹے پر 4خواتین سے زیادتی ،منشیات،تشدد سمیت 38الزامات 29سالہ ہوئیبی کو عدالت سے قصوروار پانے پر 16 سال تک قید کی سزا ہو سکتی
اوسلو (اے ایف پی)ناروے کی شاہی تاریخ کے سب سے بڑے سکینڈل میں ولی عہد شہزادی میٹے مارِٹ کے بیٹے پر منگل کے روز مقدمہ شروع ہو رہا ہے ۔ ان پر چار خواتین سے زیادتی کے علاوہ منشیات کے استعمال اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔29سالہ ملزم ماریئس بورگ ہوئیبی ولی عہد شہزادی میٹے مارِٹ کے اس وقت کے بیٹے ہیں جب ان کی شادی ولی عہد شہزادہ ہاکون سے نہیں ہوئی تھی، ان پر مجموعی طور پر 38 الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں سے بعض کا تعلق 2018 سے ہے ۔اگر اوسلو کی ضلعی عدالت انہیں قصوروار قرار دیتی ہے تو انہیں 16 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔ یہ مقدمہ 19 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے اور اس دوران غیر معمولی میڈیا توجہ متوقع ہے ۔ناروے کی شاہی تاریخ کے ماہر اور مؤرخ ٹرونڈ نورن ایزاکسن نے اے ایف پی کو بتایا،ناروے کے شاہی خاندان کے حوالے سے یہ بلا شبہ اس کی 120 سالہ تاریخ کا سب سے بڑ اسکینڈل ہے ۔انہوں نے کہاماضی میں شریکِ حیات کے انتخاب یا محل کی تزئین و آرائش جیسے معاملات پر تنازعات رہے ہیں، لیکن کبھی مجرمانہ نوعیت کے حقیقی سکینڈلز سامنے نہیں آئے ، خصوصاً اتنی بڑی تعداد میں الزامات کے ساتھ۔ ہوئیبی پر عائد کیے گئے سنگین ترین الزامات میں چار خواتین سے زیادتی اور کئی سابقہ گرل فرینڈز کے ساتھ جسمانی اور نفسیاتی تشدد شامل ہے ۔اب تک وہ صرف کچھ نسبتاً کم سنگین الزامات کا اعتراف کر چکے ہیں۔