بلوچستان :آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ41دہشتگر د ہلاک
ضلع ہرنائی میں 30دہشتگرد ہلاک ،برآمد اسلحہ موقع پر تلف ، پنجگورمیں 11فتنہ الخوارج مارے گئے سی ٹی ڈی پنجاب کی میانوالی کے قریب کارروائی ،6دہشتگرد ہلاک ہو گئے ،خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد
راولپنڈی ،اسلام آباد ،میانوالی (خصوصی نیوزرپورٹر،نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کے بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران 41بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے مضافات میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا،پاک فوج کے دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے 30خارجیوں کو ہلاک کر دیا ،جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا جسے موقع پرہی تلف کردیاگیا۔دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیاجہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نیست و نابود کرتے ہوئے فتنہ ہندوستان کے 11 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا،ان سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ وہ رقم برآمد ہوئی جو 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ایک بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی تھی، یہ دہشت گرد ماضی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے ۔
ذرائع کے مطابق مرغہ کبزئی زکوزئی کے علاقے سے 29 آئی ای ڈیز اور تین خودکش جیکٹس برآمد ہوئی ہیں ۔ دوسری طرف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )پنجاب نے میانوالی کے قریب کارروائی کے دوران6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کو اطلاع ملی کہ چاپڑی ڈیم کے قریب دہشت گرد موجود ہیں جو پولیس اور دیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے ہیں،جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کی اور6 دہشت مارے گئے جبکہ8 فرار ہوگئے ۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد،ایک خود کش جیکٹ ،6 ایس ایم جی، 3 دستی بم اور200گولیاں برآمد کیں ۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ہرنائی اور پنجگور میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش اورکہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔