پاکستانی بیکنگ سیکٹر کا آئوٹ لک مثبت سے مستحکم، معاشی بحالی کی رفتار اب بھی سست : موڈیز

پاکستانی بیکنگ سیکٹر کا آئوٹ لک مثبت سے مستحکم، معاشی بحالی کی رفتار اب بھی سست : موڈیز

بلند شرح سود اور کریڈٹ رسک دباؤ برقرار،2026 میں جی ڈی پی نمو 3.5 فیصد رہے گی:آؤٹ لک رپورٹ بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس و ریٹنگز پاکستان کی معاشی سمت کی درستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں :شہباز شریف

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کا آؤٹ لک مثبت سے مستحکم کر دیا۔موڈیز آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معاشی حالات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے جبکہ معاشی بحالی کی رفتار اب بھی سست ہے جبکہ آئندہ 12 سے 18 ماہ میں بینکوں کی کارکردگی مستحکم رہے گی۔ پاکستان میں بلند شرح سود اور کریڈٹ رسک دباؤ برقرار ہے ، موڈیز نے حکومتی مالی مشکلات کو بینکنگ سیکٹر کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا اور 2026 میں پاکستان کی جی ڈی پی نمو 3.5 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیرونی فنانسنگ اور مہنگائی سے متعلق خدشات بدستور موجود ہیں جبکہ پالیسی پر عملدرآمد میں خطرات آؤٹ لک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کے بینکنگ شعبے کی ریٹنگ کو "مستحکم" قرار دیئے جانے پر اظہار اطمینان کیا اور معاشی ٹیم کی کاوشوں کی پذیرائی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے ،بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس و ریٹنگز پاکستان کی معاشی سمت کی درستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام و ترقی کیلئے معاشی ٹیم نے شب و روز محنت کی جس پر وہ لائق تحسین ہیں،اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں