پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی خاتون اے ڈی معطل

پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی خاتون اے ڈی معطل

یاسمین آزاد کوفوری وزارت قومی صحت خدمات میں رپورٹ کرنے کی ہدایت معطلی کے اختیارات صرف کونسل کے پاس ہیں،وزارت مجازنہیں،خاتون افسر

اسلام آباد (ایس ایم زمان )وزارت قومی صحت نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل میں تعینات واحد نرس کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی واحد نرس یاسمین آزاد کو چارج شیٹ اور وجوہات بتائے بغیر معطل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں، وفاقی وزارت قومی صحت احکامات کے مطابق بدعنوانی/مس کنڈکٹ کے الزام پر پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (پی این ایم سی) میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسمین آزاد کو معطل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یاسمین آزاد کو مس کنڈکٹ کی بنیاد پر فوری طور پر معطل کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر وزارتِ قومی صحت خدمات میں رپورٹ کریں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مس کنڈکٹ سے متعلق چارج شیٹ الگ سے جاری کی جائے گی، تاہم معطلی کے دوران خاتون افسر قواعد کے مطابق اپنی تنخواہ اور الاؤنسز لینے کی مجاز ہوں گی۔ یہ احکامات سیکرٹری وزارتِ قومی صحت خدمات کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں۔متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ معطل خاتون افسرکی ذاتی فائل وزارت کے ایڈمن۔ون سیکشن کو فراہم کی جائے جبکہ خاتون افسر کو فوری طور پر چارج چھوڑنے اور وزارت میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی افسر یاسمین آزاد نے دنیا کو بتایا کہ انہوں نے مذکورہ احکامات کو عدالت میں چیلنج کیا، وزارت قومی صحت کو ملازمت سے معطل کرنے کے اختیارات نہیں ہیں، مذکورہ اختیارات صرف کونسل کے پاس ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں