اٹھارہویں ترمیم کے مکمل نفاذ کیلئے تمام آئینی قدم اٹھائینگے ، قائمہ کمیٹی
سینیٹ کمیٹی کا اجلاس، صوبوں کو اختیارات منتقل نہ کیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کونسل آف کامن انٹرسٹس کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی ،سینیٹر میر حسین گھمرو
اسلام آباد (سید قیصر شاہ )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تفویضِ اختیارات نے 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو ان کے آئینی حقوق اور اختیارات منتقل نہ کیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ترمیم کے مکمل اور مؤثر نفاذ، صوبائی حقوق کے تحفظ اور آئینی اداروں کی فعالیت یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ آئینی اور پارلیمانی اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔کمیٹی کا اجلاس سینیٹر میر حسین گھمرو کی زیرصدارت ہوا۔ سینیٹر زمیر حسین گھمرو نے کہا کہ کابینہ اور کونسل آف کامن انٹرسٹس پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، تاہم بدقسمتی سے اس وقت سی سی آئی مکمل طور پر غیر فعال نظر آتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سی سی آئی کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اور کہا کہ اگرچہ آئین میں صوبوں کی مساوی نمائندگی کی ضمانت دی گئی ہے لیکن عملاً یہ مساوی نمائندگی موجود نہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سی سی آئی کے اختیارات کسی اور فورم کے ذریعے استعمال کیے جا رہے ہیں جو آئین کی روح کے منافی ہے ۔ سینیٹر زمیر حسین گھمرو نے سی سی آئی کے حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کے لیے فوری طور پر ایک مؤثر طریقۂ کار مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔اجلاس میں تیل و گیس کے شعبے میں مقامی افراد کی ملازمتوں، صوبائی حصص اور مختلف اداروں کے بورڈز میں صوبائی نمائندگی سے متعلق مکمل تفصیلات طلب کر لیں۔