او آئی سی ویکسین الائنس بنانے کی تجویز
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان میں پہلی ویکسین پالیسی تیار کی گئی ہے ،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز او آئی سی ویکسین مینوفیکچرز گروپ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کہ اس وقت پاکستان سالانہ ویکسین کی خریداری پر تقریباً 4 ملین ڈالر خرچ کرتا ہے ، جس میں 51 فیصد لاگت پاکستان جبکہ 49 فیصد گاوی اور دیگر عالمی ڈونرز ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2030 کے بعد پاکستان کو سو فیصد ویکسین خود خریدنا ہوں گی ،انہوں نے بتایا کہ ویکسین کی تیاری کے حوالے سے سعودی عرب کا وفد پاکستان آیا ہے ،مصطفی کمال نے او آئی سی ویکسین الائنس بنانے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان ویکسین کے شعبے میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم بنیادوں پر او آئی سی ویکسین الائنس پر آج سے کام شروع کیا جائے گا ۔