صدقہ فطر کم ازکم 300 روپے فی کس :اسلامی نظریاتی کونسل
لاہور(سیاسی نمائندہ) اسلامی نظریاتی کونسل نے رواں سال کیلئے صدقہ فطر اور فدیہ صوم کا نصاب جاری کر دیا۔جس کے مطابق رواں سال صدقہ فطر وفدیہ صوم کم ازکم 300 روپے فی کس ادا کیا جائے۔
گندم کا آٹا 300،جو کے حساب سے 1100 روپے صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کیاجائے ۔کھجور کے حساب سے 1600 روپے ،کشمش کے حساب سے 3800 روپے ،منقیٰ کے حساب سے 5400روپے ، جبکہ سرکاری آٹا کے حساب سے 200روپے صدقہ وفدیہ صوم ادا کیا جائے ۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ صدقہ فطر ہر غلام، آزاد مرد، عورت، چھوٹے اور بڑے مسلمان پر فرض ہے ۔صاحب استطاعت افراد کو گندم پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی مالی حیثیت کے مطابق صدقہ فطر ادا کرنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد ہو سکے ۔ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے رہائشی اپنے علاقوں میں اجناس کی قیمتوں کے مطابق صدقہ فطر اور فدیہ صوم ادا کریں۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ گندم کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 9000 روپے ،جو کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 33000 روپے ۔کھجور کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 48000 روپے ،کشمش کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ 114000 روپے ،منقی کے حساب سے 30 روزوں کا فدیہ162000 روپے ادا کرناہوگاجبکہ سرکاری آٹا کے حساب سے 30روزوں کافدیہ6000روپے بنتاہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جان بوجھ کر روزہ توڑنے کا کفارہ مسلسل 60 روزے رکھنا یا 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے ۔ گندم کا نصاب وزن کے لحاظ سے نصف صاع (2کلو احتیاطاً) جو، کجھور، منقیٰ کا نصاب ایک صاع (4کلوگرام احتیاطاً) بنتا ہے ۔