اسلامی نظام کی بات کرنیوالے مساجد کونشانہ بنارہے :گورنرپختونخوا
وفاق زخمیوں کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے :فیصل کنڈی،پمزمیں زخمیوں کی عیادت
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی پمز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور، دہشتگردی کی مذمت کی ہے ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پمز ہسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے پہلے مسجد میں اور پھر وزیرستان میں دہشتگردی کی، جو اسلام اور انسانیت دونوں کے منافی ہے ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو عناصر اسلامی نظام کی بات کرتے ہیں وہی مساجد میں مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو ان کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان سے جنگ میں شکست کے بعد ایسے دہشتگرد عناصر کو متحرک کر رہا ہے ، تاہم پاکستان ہر صورت دہشتگردی کو شکست دے گا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی کامیابی کو سراہا ہے اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج عوام کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت زخمیوں کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے اور وزیراعظم شہباز شریف وزرا پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیں تاکہ متاثرین کی مؤثر دیکھ بھال یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ عون عباس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر خودکش حملہ آور کو روکنے کی جرات مندانہ کوشش کی، جس پر حکومت کو چاہیے کہ شہید کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان کرے ۔