سپریم کورٹ کے حکم پر سلمان صفدر کی عمران سے 3گھنٹے ملاقات،آج رپورٹ پیش کرینگے

سپریم  کورٹ  کے  حکم  پر  سلمان  صفدر  کی  عمران  سے 3گھنٹے  ملاقات،آج  رپورٹ  پیش  کرینگے

ملاقات علیحدہ کمرے میں کرائی گئی، عمران کی صحت ٹھیک ہے ، اہلِ خانہ کو بھی آگاہ کردیا:سلمان صفدر عدالت نے وکیل کو نمائندہ بنا کر بھیجا، عمران اور اہلیہ کی ملاقات، بشریٰ سے بیٹی کی بھی ملاقات کرا دی گئی

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار، اپنے نامہ نگار سے )سپریم کورٹ کے حکم پر فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیے گئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے تین گھنٹے طویل ملاقات کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر آج بدھ کو ملاقات سے متعلق تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کریں گے ۔ملاقات کے بعد سلمان صفدر اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے اور میڈیا سے باضابطہ گفتگو نہیں کی، تاہم مختصر بات چیت میں انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق عمران خان تک مکمل رسائی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ عدالت میں جمع کرانے سے قبل مزید کچھ کہنا مناسب نہیں، تاہم اتنا واضح ہے کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے ۔جیل حکام کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر اور عمران خان کی ملاقات علیحدہ کمرے میں کرائی گئی۔ ملاقات کے بعد سلمان صفدر نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور عمران خان کے اہلِ خانہ کو بھی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کے ٹرائل کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے عدالتی نمائندہ مقرر کیا تھا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی اور سلمان صفدر کو عمران خان کی حالت اور دستیاب سہولیات سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بھی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔دریں اثنا جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی جیل کانفرنس روم میں کرائی، جو آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ منگل کے روز بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹی اور بھابھی مہرالنساء احمد کی ملاقات بھی کرائی گئی۔اڈیالہ جیل کے قریب ماربل فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے ، اب عدالتی نظام کے لیے ہمت دکھانے کا وقت ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملنا ان کا بنیادی حق ہے ۔ملاقات کا وقت مکمل ہونے پر علیمہ خان، ان کی بہنیں اور پی ٹی آئی کارکنان منتشر ہو گئے اور ناکے پر دیا گیا دھرنا ختم کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں