ڈی 8کمشنرزکا غیر رسمی اجلاس،مالی وانتظامی امورکی منظوری
مندوبین کا تاریخی، ثقافتی، قومی اہم مقامات کا دورہ، بسنت میلے میں بھی شرکت
اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان نے 5-6 فروری 2026 کو لاہور میں ڈی ایٹ کمشنروں کی غیر رسمی اجلاس کی میزبانی کی، سیشن کا اہتمام پرڈی ایٹ سیکرٹریٹ مضبوط بنانے اورڈی ایٹ کمیشن کے 51ویں اجلاس اور رواں سال اپریل میں جکارتہ میں 12ویں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کے آغاز سے قبل مالی اور انتظامی امور کی منظوری دینے کیلئے کیا گیا تھا۔ آذربائیجان، بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائشیا، نائیجیریا، ترکیہ اور پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کے ڈی ایٹ کمشنروں سمیت سیکرٹری جنرل سفیر سہیل محمود نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تعاون بڑھانے ، ادارہ جاتی تاثیر بہتر بنانے اور ڈی ایٹ کے ترجیحی علاقوں و جاری اقدامات کا نفاذ تیز کرنے کیلئے عملی حکمت عملیوں پر توجہ دی گئی۔ مندوبین نے لاہور میں کئی تاریخی، ثقافتی اور قومی اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ کیا۔ ان میں واہگہ بارڈر، تاریخی شالیمار باغات، قلعہ لاہور اور بادشاہی مسجد شامل ہیں۔ وفود نے تاریخی پونچھ ہاؤس لاہور میں منعقد ہونے والے متحرک اور ثقافتی بسنت میلے میں بھی شرکت کی۔