پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں روانہ

چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سنٹر سے چھوڑ اگیا ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ ای او2- کو سپارکونے مقامی سطح پرتیار کیا ای او2- سے ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس بیڑے کو تقویت ملے گی :آئی ایس پی آر،صدر اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سنٹر سے پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او-2)کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ، جو ملکی خلائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ای او 2- کو سپارکو کے سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹرمیں مکمل طور پر مقامی سطح پر تصور، ڈیزائن اور تیار کیا گیا، اس منصوبے کی تیاری میں مقامی تحقیق اور سسٹمز انجینئرنگ سے استفادہ کیا گیا جو سیٹلائٹ ڈیزائن، پے لوڈ انضمام، آزمائش اور مشن تیاری میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کا مظہر ہے۔

یہ سیٹلائٹ ای او-ون کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور مختلف روشنی کے حالات میں زمین کا مشاہدہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، جس سے زمینی خدوخال کی بہتر تشریح، تبدیلیوں کی نشاندہی اور تسلسل کے ساتھ معیاری تصاویر کا حصول ممکن ہوگا۔ای او2- کی شمولیت سے پاکستان کے ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹس کے بیڑے کو تقویت ملے گی جس سے قومی منصوبہ بندی، طرزِ حکمرانی، وسائل کے موثر انتظام اور مقامی طور پر تیار کردہ خلائی نظاموں کی مزید ترقی میں مدد حاصل ہوگی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دوسرے مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ (ای او 2- )کی کامیاب لانچ پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید مضبوط ہو رہی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کے ساتھ سائنسی تعاون دونوں ممالک کے مضبوط شراکتی تعلقات کا مظہر ہے اور اس طرح کے مشترکہ منصوبے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور تحقیق کے معیار کو مزید بلند کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں