زرداری، شہباز ملاقات، نئے صدرآزاد کشمیر پر مشاورت

 زرداری، شہباز ملاقات، نئے صدرآزاد کشمیر پر مشاورت

قومی اورداخلی سلامتی امور ، غزہ امن بورڈ اور پاکستان کے موقف پر تبادلہ خیال ترکیہ کی زرعی ٹیکنالوجیز کلسٹر کے وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار ،آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم وزراء کے ہمراہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،احد چیمہ ،توقیر حسین شاہ اور رانا ثنااللہ موجود تھے جبکہ صدر مملکت کی معاونت شیری رحمن ،راجہ پرویز اشرف اور ڈاکٹر عاصم حسین نے کی ۔ملاقات میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کے علاوہ سکیورٹی کے ایشوز ،ریجنل اور گلوبل ایشوز پر بات چیت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں میں اہم قومی اور داخلی سلامتی کے امور زیرِ غور آئے جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال اور قومی مفادات کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ غزہ امن بورڈ اور اس حوالے سے پاکستان کے مو قف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی اور آئینی و سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مو ثر بنانے جبکہ رابطے اور مشاورتی عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ اہم قومی معاملات پر ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے ۔بعدازاں شہباز شریف سے ترکیہ کی زرعی ٹیکنالوجیز کلسٹر (ٹی یو ایم ای)کے بورڈ چیئرمین عبدالقادر قاراگوز کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے زراعت کے شعبے میں پاکستان کے بے شمار وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے جامع حکمت عملی اور دوست ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پرزور دیا اور کہاکہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے مثالی برادرانہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے ساتھ ساتھ معاشی شراکت داری کے فروغ کا بھی خواہاں ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں