افسروں کی دہری شہریت رولز بنائے جائیں :کابینہ کمیٹی
اسلام آباد(نامہ نگار، آن لائن)قومی اسمبلی کی کابینہ کمیٹی نے سرکاری افسران کی دہری شہریت کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو جلد از جلد رولز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمیٹی نے وزارت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے بجٹ سفارشات کی بھی منظوری دیدی۔ قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکر ٹریٹ کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی سفارشات کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی سے مطالبہ کیا ہے کہ کابینہ ڈویژن کو مطلوبہ فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ منصوبوں کی لاگت میں اضافہ اور عوامی وسائل کا ضیاع روکا جا سکے ۔کمیٹی کااجلاس چیئرمین ملک ابرار احمد ایم این اے کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی نے متفقہ طور پر پی ایس ڈی پی کی سفارشات کو منظور کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کو متعلقہ فورمز سے منظور کروا کر منصوبہ بندی ڈویژن کو پیش کریں تاکہ مزید کارروائی کی جا سکے ۔