توشہ خانہ ٹو کیس:عمران کی درخواست ضما نت پراعتراض عائد

توشہ خانہ ٹو کیس:عمران کی درخواست ضما نت پراعتراض عائد

اپیل پر اعتراض موجود تو سزا معطلی کی درخواست کیسے لگ سکتی:رجسٹرارہائیکورٹ علیمہ خان کی ضمانت کینسل ،لڑائی جھگڑاکیس میں شفقت اعوان کا جوڈیشل ریمانڈ

 راولپنڈی،اسلام آباد (خبرنگار،اپنے نامہ نگار سے ،کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی  درخواست پراعتراض عائد کردیا، رجسٹرار آفس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس اپیل پر بروقت رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور نہ کرنے کا اعتراض عائد کرتے ہوئے کہاگیا کہ درخواست گزار نے توشہ خانہ ٹو کیس کی مرکزی اپیل پر بروقت اعتراضات دور نہیں کئے ،اپیل پر رجسٹرار کے اعتراضات سات دن میں دور کرنے تھے ،بروقت اعتراضات دور نہ کرنے کا وقت گزر گیا ہے ،اپیل پر اعتراض موجود ہے تو سزا معطلی کی درخواست کیسے لگائی جاسکتی ہے ۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجدعلی شاہ نے 26نومبر کے ایک مقدمے میں غیر حاضری پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اورسماعت آج کیلئے معطل کردی ۔ عدالت نے علیمہ خان کی جانب سے دائر کی گئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہاکہ ٹرائل پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے ، غیر حاضری کی کوئی معقول وجہ نہیں، ملزمہ کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے گواہوں کو 37مرتبہ پیش ہونا پڑا ہے ۔ انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت نے پولیس پر فائرنگ اور لڑائی جھگڑا کیس میں گرفتار پی ٹی آئی ایم این اے شفقت اعوان سمیت دیگر ملزموں کوجوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا،پولیس نے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تھی جو مستردکردی گئی ،آئندہ سماعت 2مار چ کو ہوگی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں