پاکستان اور ایران کا زرعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
ایرانی وزیرِ زراعت کی وفاقی وزار رانا تنویر، جام کمال سے ملاقات، زرعی تعاون پر گفتگو
اسلام آباد (نامہ نگار)ایرانی وزیرِ زراعت غلام رضا نوری قزلجہ نے وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی ،جس میں دونوں ممالک نے زرعی اور غذائی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزراء نے ادارہ جاتی تعاون، تکنیکی مدد، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ ایرانی وزیر نے باغبانی، لائیو سٹاک، فصلوں کے انتظام اور جدید زرعی طریقوں میں قریبی تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔وزیر تجارت نے بہتر رابطہ کاری اور عملی ہم آہنگی کے ذریعے تعاون کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزراء نے ویٹرنری، حیوانی صحت، پودوں کے تحفظ و قرنطینہ، پانی کے تحفظ، اعلیٰ پیداوار والی فصلوں اور پائیدار زرعی طریقۂ کار میں مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔