رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ،آج پہلا روزہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ، پاکستان میں آج پہلا روزہ ہوگا ۔مرکزی رویت ہلا ل کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پشاور میں چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزادکی زیرصدارت ہوا اور چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے پر آج ماہ رمضان شروع ہونے کا باقاعدہ اعلان کیاگیا۔
پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان کا چاند نظر آگیا ،آج بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔ان کاکہناتھاکہ ملک بھر سے چاند کی 22 شہادتیں موصول ہوئیں، اہلِ وطن کو ماہ مقدس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، رمضان میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں، رمضان رحمتوں اوربرکتوں کا مہینہ ہے ۔پاکستان میں چاند نظر آنے کا اعلان ہونے کے بعد فرزندان اسلام نے مساجد میں نماز تراویح اداکی ۔بنگلہ دیش اور بھارت میں چاند نظر آ گیا اور وہاں بھی آج پہلا روزہ ہوگا۔یاد رہے سعودی عرب، خلیجی ممالک اور افغانستان میں گزشتہ روز پہلا روزہ تھا۔ عراق، عمان، ترکیہ، انڈونیشیا، ملائیشیا ، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور ازبکستان میں بھی آج پہلاروزہ ہے ۔