فتنہ پارٹی، مریم نواز کیخلاف گھٹیا مہم چلا رہی :عظمیٰ بخاری
نام نہاد بھگوڑے یوٹیوبر اور کچھ صحافی بھی اس مہم کے پیچھے ہیں :وزیر اطلاعات وزیر اعلیٰ کیخلاف جہاز کی آڑ میں بھی گھٹیا مہم،ڈیڑھ سو وی لاگ ہوئے :ویڈیو بیان
لاہور(سٹاف رپورٹر،این این آئی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے خلاف ایک انتہائی غیر اخلاقی اور گھٹیا سوشل میڈیا مہم چلائی جا رہی ،یہ مہم فتنہ پارٹی کی سوشل میڈیا بریگیڈ چلا رہی ہے اور اس کے پیچھے کچھ نام نہاد یوٹیوبرز بھی ہیں جو خود کو صحافی کہتے ہیں۔ایک ویڈیو بیان میں عظمیٰ بخاری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ان نام نہاد صحافیوں کے نام پر بدنما دھبہ ہے ،سیاسی انتقام کے الزامات کے تحت آزادی اظہار رائے پر قدغن کا بہانہ بنایا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں یہ مہم خواتین سمیت عام عوام کے اکا ئونٹس سے بھی چلائی جا رہی ہے ۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مریم نواز کے خلاف یہ گھٹیا مہم 2014 سے جاری ہے اور اس میں شامل صحافی کہلانے والے افراد اپنے پیشہ ورانہ معیار پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ باتیں ہمارے پاس بہت ہیں لیکن ہم سیاسی رہنما ہیں اور سیاسی موضوعات پر ہی گفتگو کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف جہاز کے بہانے گھٹیا مہم چلائی گئی لیکن یہ عوام کی خدمت کرنے والی قیادت کو نقصان نہیں پہنچا سکتی،ڈیڑھ سو وی لاگ ہوئے ،یہ گھٹیا مہم مریم نواز کے خلاف بے اثر ہے ۔