ایران پر حملہ خطے کیلئے خطرہ : وزیراعظم، ولی عہد کویت، عمان کے سلطان، شامی صدر میں رابطے

ایران پر حملہ خطے کیلئے خطرہ : وزیراعظم، ولی عہد کویت، عمان کے سلطان، شامی صدر میں رابطے

ایران پر گفتگو، جنگ سے سفارتی عمل پٹڑی سے اتر گیا:شہبازشریف،شیخ صباح الخالد سے جانی نقصان پر تعزیت اسحاق ڈار ، وزیر خارجہ بحرین ، یورپی یونین خارجہ امور کی سربراہ کے رابطے ،چینی سفیر کی ملاقات،خطے کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق،کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح ، شام کے صدر احمد الشراع کے درمیان ٹیلی فونک رابطے ہوئے ہیں،وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمان کے سلطان اور وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل ،امریکا کے حملے کے تناظر میں بگڑتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا ایران کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں، اس جنگ نے نہ صرف اہم سفارتی عمل کو پٹڑی سے اُتارا بلکہ خطے میں بات چیت کو فروغ دینے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا،وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر اسرائیل کے حملے سے پورے خطے کا امن اور سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

انہوں نے کشیدگی کو روکنے اور سفارتی اقدامات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے جگہ پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا،دریں اثنا وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الصباح سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظر میں ٹیلی فونک رابطہ کیا، گفتگو کے دوران وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے دوران کویت پر حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس نازک وقت میں کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملے اور کویت سمیت مختلف برادر خلیجی ممالک کے خلاف ایران کے جوابی حملوں کے بعد بڑھی ہوئی کشیدگی کے درمیان کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم کو شام کے صدر احمد الشراع کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی ،گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملے اور اس کے نتیجے میں خلیجی خطے میں ہونے والے حملوں کے بعد خطرناک علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ شام کے صدر نے علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی فوری ضرورت پر زور دیا،وزیراعظم نے شامی رہنما کو موجودہ بحران کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی رسائی کے بارے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے علاوہ افغانستان کی حالیہ پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔

اسلام آباد (وقائع نگار،اے پی پی)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی ،یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ سے ٹیلیفونک گفتگو اورچین کے سفیر سے ملاقات کی ،وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ اور نائب وزیر اعظم نے خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اسحاق ڈار نے کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈارنے یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کاجا کالاس سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے ،دونوں رہنماؤں نے ایران اور مشرق وسطی ٰکے خطے کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے مکالمے ، سفارتکاری اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کاجا کالاس کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی سے بھی آگاہ کیا اور یورپی یونین کی تعمیری شمولیت کو سراہا۔دونوں فریقین نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی۔وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور وسیع تر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں