شہبازکااردوان سے رابطہ ،مشرق وسطٰی بحران پرتشویش
کشیدگی سے بچنے کیلئے فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں:وزیراعظم،ترک صدر کااتفاق وزیراعظم سے پی پی وفدکی ملاقات،کیش لیس اکانومی کے فروغ پر جائزہ اجلاس
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِاعظم نے مشرقِ وسطٰی میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر اسرائیلی حملے اور اس کے بعد برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی مذمت کی۔وزیر اعظم نے صدر اردوان کو برادر خلیجی ممالک کی قیادت سے اپنے حالیہ روابط سے آگاہ کیا، جن میں پاکستان کی جانب سے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اعادہ اور بحران کے حل کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کی تیاری سے متعلق پیغام شامل تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئغ تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔وزیرِ اعظم نے صدر اردوان کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
ادھر وزیراعظم سے پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے وفد نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ،ملکی تعمیر و ترقی کیلئے پیپلز پارٹی نے حکومت کا ہر قدم پر ساتھ دیا جس پر اسکے مشکور ہیں۔ اس دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔وفد میں سینیٹر شیری رحمن، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی شامل تھے ۔ دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے فروغ پر جائزہ اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے تنخواہوں، پنشنز اور وینڈرز کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے پر معاشی ٹیم اور سٹیٹ بینک کی پذیرائی کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحقین تک امدادی رقوم کی فراہمی 71 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ سے استفادہ کرنے والے افراد کی تعداد 127 ملین سے تجاوز کر گئی ہے ۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر بل پر کیو آر کوڈ فراہم کریں اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے اہداف کو مقررہ مدت میں یقینی بنایا جائے ۔