شادی بیاہ ودیگر تقریبات کیلئے نئے ضوابط نافذ
ون ڈش اصول ، 200 مہمانوں کی حد،تقریبات مقررہ وقت پر ختم کرنا لازمی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے ،ہالز سیل کئے جائیں :نوٹیفکیشن جاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن)حکومت نے ملک بھر میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں نئے ضوابط نافذ کر دیئے ہیں۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب ہر تقریب میں ‘‘ون ڈش’’کا اصول لازمی ہوگا اور مہمانوں کی تعداد 200 سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان قواعد پر سختی سے عملدرآمد کروائے ، کھانے میں صرف ون ڈش کی خلاف ورزی کرنے والے ہال مالکان اور منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تقریبات کو مقررہ وقت پر ختم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا تاکہ بجلی کی بچت ممکن ہو سکے ۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شادی ہالز، فارم ہاؤسز اور ہوٹلوں کی اچانک چیکنگ کریں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ہالز کو سیل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ ون ڈش پالیسی کا مقصد گھریلو مالی بوجھ کم کرنا اور غیر ضروری ضیاع روکنا ہے ، ضوابط قومی مفاد اور وسائل کی بچت کے لیے ضروری ہیں۔ گزشتہ سال بھی اسی نوعیت کی پابندیوں کے ذریعے توانائی اور مالی وسائل کی بچت ممکن بنائی گئی تھی ۔