کفایت شعاری مہم :قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی 70فیصد گاڑیاں بند
ارکان اسمبلی کی دو ماہ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 25 فیصد کٹوتی ہوگی،نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(نامہ نگار)سپیکر سردار ایاز صادق کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وسیع پیمانے پر کفایت شعاری اقدامات نافذ کئے گئے ہیں ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ یہ نوٹیفکیشن وزیر اعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت جاری کیا گیا ۔کفایت شعاری مہم کے تحت 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اراکین قومی اسمبلی کی دو ماہ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔پارلیمانی وفود کے بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران یا وہ افسران جن کی ماہانہ تنخواہ 3 لاکھ روپے یا اس سے زائد ہے ، ان کی دو دن کی تنخواہ قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے تحت سیکرٹریٹ میں تمام خریداری فوری طور پر بند کردی گئی، صرف ناگزیر روزمرہ ضروریات کے لیے محدود خریداری کی اجازت ہوگی۔قومی اسمبلی اور کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے پہلے شیڈول کیے جائیں گے ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں 80 فیصد عملہ گھر سے ورچوئل ڈیوٹی سر انجام دے گا۔ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ورچوئل یا آن لائن طریقے سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔