کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی آئی بی کو سونپ دی گئی
لاہور(محمد حسن رضا سے)وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو سونپ دی جو سرکاری گاڑیوں اور ایندھن کے استعمال میں کمی سے متعلق آڈٹ کرے گا اور اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گا۔
23 مارچ کی تقریبات صرف پرچم کشائی تک محدود ہونگی،نوٹیفکیشن کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز اور سینئر مینیجرز سمیت اعلیٰ انتظامی افسروں کی مجموعی تنخواہوں سے دو ماہ کیلئے کٹوتی کی جائے گی۔ 3 لاکھ سے 10 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے افسروں کی تنخواہ سے 5 فیصد، 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک تنخواہ لینے والوں سے 15 فیصد، 20 لاکھ سے 30 لاکھ روپے تک تنخواہ لینے والوں سے 25 فیصد جبکہ 30 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ لینے والے افسروں کی تنخواہ سے 30 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ یہ رقم وزیراعظم آسٹریٹی فنڈ 2026 میں جمع کرائی جائے گی۔
حکومت کے مطابق اگر کسی عالمی اجلاس میں پاکستان کی شرکت ناگزیر ہو تو اس میں متعلقہ ملک میں تعینات پاکستانی سفیر یا ہائی کمشنر نمائندگی کریں گے ۔ تاہم ایسے تربیتی پروگرام جن کے تمام اخراجات بین الاقوامی مالیاتی یا ترقیاتی ادارے برداشت کرتے ہوں، ان کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے ۔ وزارتوں و ڈویژنز کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسروں کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں صرف سرکاری مقاصد کیلئے استعمال ہوں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اہم شخصیات کے ہمراہ چلنے والی گاڑیوں کی تعداد بھی ازسرنو جائزہ لے کر کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ حکومت نے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی ہفتہ وار رپورٹ ایک ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے حکومت کو ارسال کریں۔