پہلا سکل سٹی قائم کرنے کا فیصلہ، مریم نواز نے منظوری دیدی
نوجوانوں کو مارکیٹ ضرورت کے مطابق ہم آہنگ کرینگے نگہبان رمضان پیکیج کے تحت ڈھائی کروڑ افراد کو امداد پہنچائی
لاہور(آئی این پی،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں پہلا سکل سٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیااور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دیتے ہوئے پراجیکٹ کیلئے تجاویز اور پلان طلب کر لیا۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں میٹرک ٹیک، سکول بیسڈ سکلڈ ڈیویلپمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے کہاکہ چاہتی ہوں پنجاب کا ہرنوجوان بے مثال ہنرمند ہو اور اپنے فن میں یکتا ہو، یوتھ فورس کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے پنجاب کی حقیقی طاقت بنائیں گے ،نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ٹیکنیکل ایجوکیشن دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔قبل ازیں بریفنگ میں بتایاگیا کہ سکل سٹی پراجیکٹ میں انڈسٹری کی ضروریات کے مطابقت رکھنے والے ٹیکنیکل ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ قائم ہوں گے ،پنجاب میں سکل ایجوکیشن کے اداروں کو سینٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا۔
پنجاب کے ٹیکنیکل ووکیشنل ایجوکیشن بورڈ کا سکاٹ لینڈ اور برطانیہ کے اداروں سے الحاق کرنے پر اتفاق کیاگیا، پنجاب کے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ میٹرک لیول ٹیکنیکل ایجوکیشن کا پلان پیش کیاگیا۔ نوجوانوں کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق ٹیکنیکل اور پریکٹیکل ایجوکیشن دی جائے گی-نوجوانوں کو میٹرک کے بعد اچھے روزگار کے قابل بنانے کا ہدف مقرر کردیاگیا ۔ گرافک ڈیزائننگ، میڈیا پروڈکشن، فیشن ڈیزائننگ، ڈیٹا کوڈننگ، ٹورازم ایکسپرٹ کے ٹیکنیکل کورسز کرائے جائیں گے اورانڈسٹریل الیکٹرکیشن، پلمبرننگ، سولر واٹر ہیٹنگ سسٹم، پروفیشنل شیف، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل کی تعلیم بھی دی جائے گی-اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کیلئے بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کیلئے صنعتی اداروں کے ماہرین سے سلیبس ڈیزائن کرانے کی بھی ہدایت کی۔
ادھر مریم نواز نے عید الفطر کے موقع پراپنے پیغام میں امت مسلمہ اوراہل پاکستان کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خطے کے حالات کے پیش نظر عید سادگی سے منانے کی اپیل کی اور کہا دعا ہے کہ عید دنیا کے ہر شہر میں امن کا پیغام لائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب میں تقریباً 40لاکھ خاندانوں اور 2کروڑ افراد کو ان کی دہلیز پر امدادی رقوم پہنچائیں ،پہلی مرتبہمریم کو بتائیںکے ذریعے ضرورت مند لوگوں کو 10،10ہزار روپے فوری طورپر جاز کیش دیئے گئے ، مزید کہا کہ عید کی خوشیوں میں پاک دھرتی کی خاطر جان دینے والوں کو بھی نہیں بھلایا جاسکتا، وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا میسج میں رمضان المبارک میں احساس اور خدمت کا ٹارگٹ پورا ہونے پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پنجاب نگہبان رمضان پیکیج 2026نے عوامی خدمت کا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ، خوشی کے لمحات میں کسی کو تنہانہ چھوڑنے کا عہد پورا ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔
عوام کو پہلی مرتبہ عزت و احترام کے ساتھ براہ راست دہلیز پر امداد ی رقوم پہنچانے کا ہدف پورا ہونے پر خوش ہوں ۔صوبہ بھر میں 40لاکھ روزے داروں نے 422نگہبان دسترخوان پر روزہ افطار کیا ، صوبہ بھر میں 75شاندار رمضان بازارو ں میں روزانہ ساڑھے 5لاکھ سے زائد شہریوں نے خریداری کی،منیارٹی کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ 57ہزار سے زائدکرسچن فیملیز کوLent کے لئے 10ہزار روپے پیش کئے گئے ۔ مریم نواز نے ورلڈ ڈاؤن سینڈرو م ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ڈاؤن سینڈر و م کے مرض میں مبتلا خصوصی بچے معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ،پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی بحالی اورنگہداشت کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔
دریں اثنا جنگلات کے عالمی دن پر جاری پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے درخت ضرور لگائیں ،حکومت ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے اور نئی نسل کوصاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کیلئے پر عزم ہے ، پانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پینے کا صاف پانی اﷲتعالیٰ کی عظیم نعمت ہے ،اس کے ضیاع کو روکنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ، صاف پانی کی فراہمی شہریوں کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق انہیں واپس لوٹانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ،مختلف شہروں میں فلٹریشن پلانٹس نصب ، دیہی علاقوں کو صاف پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آبی ذخائر کے تحفظ کیلئے چھوٹے ڈیمز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ نے پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمن کی صاحبزادی کے انتقال اورسیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی عامر حبیب کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے ،انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارِکیا ۔