غضب للحق کا مقصد دہشتگرد نیٹ ورکس کا خاتمہ : فیلڈ مارشل
افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے :گفتگو چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیرکا دورہ کرم ،جوانوں کے ساتھ عیدمنائی
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) چیف آف ڈیفنس فورسز ،آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر کرم کادورہ کیا اور جوانوں کیساتھ عید منائی، فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسروں اورجوانوں کیساتھ عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔افسروں اور جوانوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے عید کی دلی مبارکباد پیش کی اور وطن کے دفاع میں ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور مثالی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے جوانوں کی بہادری اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن غضب للحق میں حاصل کامیابیوں کو سراہا، جس کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ اور سرحدی علاقوں میں دیرپا امن کا قیام ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افغانستان میں موجود محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ان کامیابیوں کو شہداء کی عظیم قربانیوں اور افسروں و جوانوں کے پختہ عزم کا نتیجہ قرار دیا۔فیلڈ مارشل نے جوانوں کے عزم و استقامت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پاک افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے موقع پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئرسٹاف ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے تمام پاکستانیوں کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد پیش کی اوراپنے پیغام میں کہا کہ عید اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری جیسی پائیدار اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کیلئے عید کی اصل روح مادرِ وطن کی خدمت اور دفاع میں مضمر ہے ، جہاں وہ اپنے اہلِ خانہ سے دور رہ کر قوم کے امن اور سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔مسلح افواج نے پاکستان کے دفاع پر مامور بہادر مردوں اور خواتین کی جرأت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا جبکہ دعا کی گئی کہ یہ عید پاکستان اور امتِ مسلمہ کیلئے امن، خوشحالی اور برکتوں کا باعث بنے۔