ننکانہ ،قصوراوررینالہ خوردمیں 3افرادکی خودکشی
بگوکوٹ میں 21سالہ علی نے خودکو گولی ماری اورہسپتال میں چل بسا بھوئے آصل میں غلام فرید،چک 14ون اے ایل میں بابرجٹ ہلاک
ننکانہ صاحب،قصور،رینالہ خورد (خبر نگار،اے پی پی )گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ2 نوجوانوں سمیت 3افراد خودکشی کرلی ، بتایاگیاہے کہ تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ بگو کوٹ میں بشیر احمد باجوہ کے 21 سالہ بیٹے علی نے گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو پیٹ میں گولی مار لی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر زہسپتال ننکانہ پہنچنے سے قبل ہی دم توڑگیا۔ ادھر قصور کے نواح بھوئے آصل کے رہائشی 25 سالہ غلام فرید نے گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں،جسے تشویشناک حالت میں پہلے کوٹ رادھا کشن اور پھر لاہور جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ چار روز بعد دم توڑ گیا۔دریں اثنا تھانہ صدر رینالہ خورد کی حدود میں چک نمبر 14 ون اے ایل کے رہائشی بابر علی جٹ جو یوسی 66 سے چیئرمین بھی منتخب ہوئے تھے نے خودکوگولی مارکرزندگی ختم کرلی ۔ مبینہ طور پر متوفی کا ایک وصیت نامہ بھی منظرعام پر آیا ہے جس میں مرحوم نے اپنے عزیز اقارب رشتہ داروں کواپنی بیوی بچوں اورملازمین کا خیال رکھنے کی وصیت کی ہے ۔ یادرہے کہ مرحوم کے دو بیٹے ہیں جن میں سے ایک بیٹا ڈنمارک میں زیر تعلیم ہے ۔