اڑھائی سالہ پاور شیئرنگ فارمولا طے نہیں ہوا : رانا ثنا
پی پی سے بات جاری، این ایف سی پر اتفاق رائے ہوا تو 28 ویں ترمیم آجائیگی پی ٹی آئی سے ڈیل نہیں ہوگی، پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کا فیصلہ کرلیا
لاہور (دنیا نیوز،این این آئی)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ این ایف سی پر بات چیت ہورہی ہے ، اتفاق رائے ہوگیا تو رواں سال 28ویں ترمیم آجائیگی۔دنیا نیوز کے خصوصی پروگرام ‘عید دنیا کے سنگ’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے ساتھ اڑھائی سالہ پاور شیئرنگ فارمولا طے نہیں ہوا، این ایف سی پر بات چیت ہورہی ہے ۔ سیاستدان اس لیے طاقتور نہیں کیونکہ رولز آف گیم طے نہیں کرسکے ، سیاستدان کا دشمن سیاستدان بنا ہوا ہے ، اگر عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو واضح اکثریت مل جاتی تو وزیراعظم نواز شریف ہوتے۔ بانی پی ٹی آئی کو اپریل 2023 میں بات چیت کی آفر ہوئی تھی، بانی ڈیل کے خواہاں مگر وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں، نوجوان پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں مگر حکومت سے ناراض ہیں۔
اس سے قبل عید کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ نے کہا عوام پٹرول اور گیس کا استعمال فوری طور پر 50 فیصد تک کم کر دیں۔ قوم نے کفایت شعاری نہ اپنائی تو عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر مرتب ہونگے ، پاکستان اس وقت کئی اہم اندرونی و بیرونی چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے ۔ ہماری سیاسی وعسکری قیادت درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ افغانستان بارے ہمارامؤقف اقوام متحدہ چارٹر کے عین مطابق ہے ۔ پاکستان نہ تو جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی کسی ملک پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو۔ آپریشن غضب للحق پاکستان کیخلاف دہشتگردی کے ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے ہے ،ہم نے ایک مرتبہ صفایا کر دیا ہے، تاہم اب مزید ایسے ٹھکانوں پر کڑی نظر رکھی جائیگی۔
انہوں نے کہا پاکستان کو عالمی سطح پر اہمیت حاصل ہے۔ ہم نے ایران پر جارحیت کی واضح مذمت کی اور مسلم ممالک پر حملوں کیخلاف بھی بھرپور ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پاکستان کو ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔ ہم سعودی عرب کیساتھ معاہدوں کے پابند ہیں مگر کسی پر حملہ کرنا ضروری نہیں۔ مشیر وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی ڈیل پرتیار ہے مگر ہم کسی صورت انہیں دوبارہ کوئی رعایت نہیں دینگے ، بانی پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ و دیگر کیسز کے فیصلے بالکل واضح ہیں۔ پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں ، صوبے میں بلدیاتی الیکشن جلد ہونگے ۔