توانائی انفرااسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ، ٹارگٹڈ ریلیف پیکیج تیار کررہے : وزیر خزانہ
ہمارے وسائل لامحدود نہیں، اپریل تک سپلائی بہتر ہونے کی امید،حکومت نے 69ارب کا بوجھ خود برداشت کیا ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی بچت اقدامات پر غور جاری ،عوام اور بزنس کمیونٹی بھی تجاویز دیں ،اورنگزیب کی گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی اور جنگی حالات سے توانائی انفرا اسٹرکچر متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،مستحق طبقات کے لیے ٹارگٹڈ ریلیف پیکیج تیار کیا جارہا ہے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے وسائل لامحدود نہیں ہیں، اپریل تک سپلائی صورتحال بہتر رہنے کی امید ہے ۔انہوں نے محدود وسائل کے باعث پائیدار اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر 69 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کیا، عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا ڈیمانڈ مینجمنٹ اور توانائی بچت اقدامات پر غور کیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عوام اور بزنس کمیونٹی کو تجاویز بھیجنے کی دعوت دیتے ہیں۔