خانپور نہر پکنک پوائنٹ سے قیمتی اراضی واگزار،تصادم،4 زخمی
محکمہ مال کا آپریشن، درجنوں دکانیں مسمار ،پتھراؤ ، لاٹھی چارج،اہلکار بھی زخمی
شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)لاہور روڈ پر خانپور نہر چوک پکنک پوائنٹ پر محکمہ مال حکام نے پیرا فورس عملے کی مدد سے آپریشن کرکے کروڑوں مالیت کی سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کروا لی،اراضی پر بنی درجنوں دکانیں مسمار، اس دوران مقامی افراد،پیرا فورس اور محکمہ مال کی ٹیم میں تصادم ،پتھراؤ اور لاٹھی چارج کے دوران پیرا فورس کا ایک اہلکار اور تین مظاہرین زخمی ہو گئے ۔کئی دکانداروں نے محکمہ آبپاشی کے فیلڈ سٹاف کی ملی بھگت سے قیمتی راضی پر قبضہ کیا ہوا تھا ۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی محکمہ مال اور پیرا فورس کی ٹیم نے آپریشن شروع کیا تو قابضین کی حمایت میں متعدد خواتین نے آپریشن رکوانے کی کوشش کی اورٹیم پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران لاٹھی چارج بھی ہوا۔ محکمہ مال حکام کے مطابق 17 کینال اراضی قابضین سے واگزار کروا لی گئی جو25 برس سے زیر تسلط تھی اب اس اراضی کو قابضین سے محفوظ رکھنے کیلئے وہاں پولیس کی عارضی چوکی بھی بنائی جائیگی۔