لاہور میں بارش ،اسلام آباد کشمیر ،پختونخوا میں امکان
اسلام آباد (اے پی پی) لاہور میں رات گئے تیز بارش ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر ، پختونخوا ، بالائی و وسطی پنجاب ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ مو سمیات نے آ ئندہ 6 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کی پیشگوئی کی ہے اور انتباہ کیا ہے کہ ہفتہ کی رات سے 31مارچ تک موسلادھار بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا ، شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ ژوب، موسیٰ خیل، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیرآباد اور لورالائی میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے ۔ سینٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس کے باعث موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ڈرائیورز کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے ترجمان سینٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 پر لاہور، کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اسی طرح موٹروے ایم-3 پر شرق پور، ننکانہ صاحب، سمندری اور رجانہ تک متعدد مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے لاہور-سیالکوٹ موٹروے ایم-11 پر بھی مختلف مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ قومی شاہراہ کے سنٹرل زون میں لاہور، مانگا منڈی، پتوکی اور اوکاڑہ سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی اور ابر آلود موسم دیکھا گیامزید برآں چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔