سلہٹ ٹیسٹ: قومی بیٹنگ نا کام بنگلادیش کو 156 رنز کی برتری
پاکستان کے دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے ،قومی ٹیم پہلی اننگز میں 232رنز پر آل آؤٹ،بابر اعظم نے 68رنز بنائے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 110رنز بنالیے ،نجم الحسین کیریز پر موجود
سلہٹ(سپورٹس ڈیسک)سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، بنگلادیش کو پاکستان کیخلاف 156 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنالیے ۔46 رنز کی برتری کے ساتھ بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان 15 رنز پر اٹھانا پڑا جب خرم شہزاد کی گیند پر 4 رنز بنانے والے تنزید حسن آؤٹ ہوئے ۔ دوسری وکٹ پر محمود الحسن جوئے اور مومن الحق نے 76 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، تہام 91 کے مجموعے پر 52 رنز بنانے والے محمود الحسن جوئے محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر 30 رنز بنانے والے مومن الحق 110 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے ، انہیں خرم شہزاد نے پویلین کی راہ دکھائی۔
تاہم نجم الحسین شانتو 13 رنز کے ساتھ کیریز پر موجود ہیں۔ قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں بنگلادیش کیخلاف 232 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے ، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹے ، بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بناسکے ۔حسن علی 18، ساجد خان 38 اور خرم شہزاد 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس کوئی رن نہ بناسکے ۔بنگلادیش کی طرف سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 اور تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2۔ 2 وکٹیں حاصل کیں۔