بیٹنگ پچ تھی، ہم بڑی پارنٹر شپ نہ بنا سکے :بابر اعظم
بیٹنگ پچ تھی، ہم بڑی پارنٹر شپ نہ بنا سکے :بابر اعظم میری اور سلمان علی آغا کی وکٹیں میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئیں ،گفتگو
سلہٹ(نیٹ نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی تھی اور گیند بہتر انداز میں بیٹ پر آ رہی تھی، تاہم پاکستانی ٹیم بڑی پارٹنرشپس قائم کرنے میں ناکام رہی۔سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ میں نے اور سلمان علی آغا نے شراکت داری بنانے کی کوشش کی، آغاز بھی اچھا تھا لیکن بدقسمتی سے پارٹنرشپ لمبی نہیں چل سکی۔بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے فاسٹ بولر ناہید رانا ریڈ بال کرکٹ کے معیاری تیز گیند باز ہیں ،میں نے اپنی نیچرل گیم کھیلنے کی کوشش کی لیکن بعض اوقات رنز بنتے ہیں اور بعض اوقات نہیں بنتے ، میری اور سلمان علی آغا کی وکٹیں میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئیں اور انہی دو وکٹوں کے بعد میچ کا مومنٹم تبدیل ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم مسلسل کرکٹ کھیل رہی ہے اور کسی قسم کی ذہنی رکاوٹ نہیں، تاہم منصوبے کے مطابق پارٹنرشپس نہیں بن پا رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں دو یا تین اچھی شراکت داریاں انتہائی ضروری ہوتی ہیں اور بیٹرز کو ذمہ داری لے کر بڑی پارٹنرشپس قائم کرنا ہوں گی۔بابر اعظم نے اعتراف کیا کہ ایک وکٹ گرنے کے بعد جلد مزید وکٹیں گر جاتی ہیں اور ٹیم سنبھل نہیں پاتی، جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔