شاہدرہ ،مصری شاہ میں ٹیلر ماسٹر سمیت 2 افراد قتل
60سالہ شوکت کی گھر سے لاش برآمد، ٹوکے کے وار سے مارا گیا گاڑی پر نیلی بتی لگانے کا جھگڑا،عمران عرف مانی ہسپتال میں چل بسا
لاہور (کرائم رپورٹر)مصری شاہ اور شاہدرہ میں قتل کے اندوہناک واقعات،60سالہ درزی سمیت 2افراد جان سے گئے ۔تفصیل کے مطابق مصری شاہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ٹیلر ماسٹر شوکت کو ٹوکے کے وار کر کے بیدردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول اپنے گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا جہاں نامعلوم ملزموں نے اس کی گردن کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتارا۔ اطلاع پر پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کر لئے ۔ جائے وقوعہ سے خون آلود ٹوکا بھی برآمد کر لیا گیا جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی کوئی اولاد نہیں تھی جبکہ اس کی اہلیہ تین سال قبل وفات پا چکی تھی۔ دوسرے واقعہ میں شاہدرہ ٹاؤن میں لڑائی جھگڑے کے دوران عمران عرف مانی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمان میں شامل دو افراد کو گرفتار کر لیا،جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق دورانِ لڑائی جھگڑا عمران عرف مانی بے ہوش ہوگیا،اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کا مقدمہ مقتول کی والدہ کی درخواست پر درج کر لیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی پر نیلی بتی اور سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر علاقے میں گھومنے کے معاملے پر جھگڑا شروع ہوا تھا۔