متحدہ عرب امارات :جوہری بجلی گھر کے قریب ڈرون حملہ
براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حصار کے باہر جنریٹر میں آگ لگ گئی
ابو ظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کے نزدیک ڈرون حملہ،آگ بھڑک اٹھی۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں الظفرہ ریجن میں براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حصار کے باہر موجود ایک بجلی کے جنریٹر میں آگ بھرک اٹھی ۔ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی قسم کی تابکاری کی اطلاع ہے ۔ واقعے کے بعد تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی فراہم کی جائیں گی۔متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے نیوکلیئر ریگولیشن نے تصدیق کی ہے کہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں بجلی گھر نظاموں پر کوئی اثر نہیں پڑا اور تمام یونٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں،
آگ پر قابو پا لیا گیا ، بجلی گھر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے یہ نہیں بتایا کہ حملہ کس نے کیا ہے ،یاد رہے براکہ جوہری بجلی گھر متحدہ عرب امارات کے شمال مغربی صحرا میں سعودی عرب اور قطر کی سرحد کے قریب واقع ہے اوریہ بجلی گھر جنوبی کوریا کی ایک توانائی کمپنی کے تعاون سے تعمیر کیاگیا تھا۔دوسری طرف بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے )نے متحدہ عرب امارات کے جوہری بجلی گھر کے قریب ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ایکس پر لکھا کہ ایسی فوجی سرگرمیاں جو جوہری تحفظ کے لیے خطرہ بنیں ناقابلِ قبول ہیں ۔آئی اے ای اے نے تصدیق کی ہے کہ بجلی گھر کے اطراف میں تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے ۔ ادھر حالیہ جنگ کے دوران ایران نے آئی اے ای اے کو اطلاع دی تھی کہ بوشہر جوہری بجلی گھر کو کم از کم چار میزائلوں کی مدد سے نشانہ بنایا گیا تھا۔