مریدکے جی ٹی روڈ پر ڈاکوئوں نے نوجوان قتل کردیا
27سالہ فرمان نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے گولیاں ماردیں، رقم لوٹ کر فرار ہوگئے واردات کی فوٹیج منظر عام پر آگئی، پولیس کا ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا دعویٰ
مریدکے ،کالا شاہ کاکو، شیخوپورہ(نمائندہ دنیا،نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر)دندناتے ڈاکوؤں نے مریدکے جی ٹی روڈپر دوران ڈکیتی معمولی مزاحمت پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے دفتر کے سامنے 27سالہ نوجوان کو گولیاں مار کرقتل کردیا اور رقم وقیمتی اشیا لوٹ کر اطمینان سے فرار ہو گئے۔ نواحی علاقہ ننگل ساہداں کا رہائشی نوجوان فرمان احمد ناگرہ اپنے گھر سے موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈیرہ کی طرف جا رہا تھا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے دفتر کے قریب تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پسٹل سے فائرنگ کرکے اسے روک لیا اور سر عام لوٹ مار شروع کردی۔ رقم چھیننے کے بعد قیمتی کاغذات اور بینک کارڈز چھیننے کے دوران فرمان نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے گولی مار کر اسے شدید زخمی کر دیا ۔ زخمی فرمان کو اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ تھانہ سٹی پولیس نے مقتول کے بھائی سلمان احمد ناگرہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔