آپریشن غضب للحق کے نتائج دہشتگردی واقعات میں نمایاں کمی
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور کامیاب عسکری کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آپریشن غضب للحق نے دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
بین الاقوامی جریدے عرب نیوز نے معروف تحقیقاتی ادارے سینٹر فار ریسرچ اینڈسکیورٹی سٹڈیزکی ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں پاکستان میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری کی تصدیق کی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق فروری 2026 کے مقابلے میں مارچ 2026 کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں 59 فیصد نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ اسی طرح 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر دہشتگردی کے واقعات میں 18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں دہشتگردی کے واقعات میں 57 فیصد کمی ہوئی جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی امن و امان کی صورتحال میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت افغانستان میں موجود دہشتگردوں کے مراکز کو شدید نقصان پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔