327 واں بیساکھی میلہ 10 سے 19اپریل تک منایاجائیگا
26 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے ،سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل بیساکھی میلے میں شرکت کیلئے 2800 سے زائد یاتریوں کو ویزے جاری
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)327واں بیساکھی میلہ 10سے 19 اپریل تک منایاجائے گا ، جس میں دنیا بھر اور پاکستان سے 26ہزار سکھ یاتری شرکت کرینگے ۔3ہزاربھارتی سکھ یاتریوں کی بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے لاہورآمد 10اپریل سے شروع ہو گی، جو 19 اپریل کو واپس بھارت روانہ ہوں گے ،یاتری دیگر مقدس مقامات کے علاوہ گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ ننکانہ صاحب اور گوردوارہ کرتارپور صاحب کی یاترا بھی کریں گے ، تیاریو ں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،اس حوالے سے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں ۔ہندوستانی سکھ یاتریوں کی آمد اور گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے لیے روانگی 11اپریل کو ہو گی، اگلے روز ننکانہ صاحب کے مقامی گوردواروں کا دورہ کرایا جائے گا، اس کے بعد گردوارہ سچا سودا، فاروق آباد سے گردوارہ پنجا صاحب، حسن ابدال جائیں گے ، مرکزی تقریب بھوگ اخند پاٹھ صاحب (خالصہ جنم دن، گردوارہ پنجا صاحب حسن ابدال میں منایا جائے گا،یاتری گردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں بھی قیام کریں گے ۔واضع رہے پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بیساکھی میلے میں شرکت کیلئے بھارت کے 2800 سے زائد یاتریوں کو ویزے جاری کر د ئیے ہیں ۔اس پرمسرت موقع پرنئی دہلی میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے یاتریوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان کے بین المذا ہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔