شہبازشریف کی جنگ بندی کی اپیل پر عالمی سطح پر پذیرائی، ٹرمپ بھی معترف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران میں 2 ہفتوں کی جنگ بندی کی اپیل پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ایکس پیغام کو 40 منٹ میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھا، وزیراعظم شہباز شریف کے سوشل میڈیا پیغام کو سکائی نیوز نے بھی شیئر کیا۔
الجزیرہ ٹی وی نے وزیراعظم کے پیغام کے بعد خصوصی نشریات کیں، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری نے وزیراعظم کے ایکس پیغام پر فوری ردعمل دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی درخواست پر ردعمل میں کہا کہ مجھے ابھی تک مکمل بریف نہیں کیا گیا، اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں،
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف ہر جگہ نہایت معزز شخص ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا تھا، وزیراعظم نے درخواست کی تھی کہ ایران کو دی گئی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کی جائے، انہوں نے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ مستقبل قریب میں خاطر خواہ نتائج کا باعث بننے کی صلاحیت کے ساتھ مستحکم، مضبوطی اور طاقت کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔
شہبازشریف نے کہا تھا کہ سفارت کاری کو اپنا راستہ چلانے کی اجازت دینے کے لئے میں صدر ٹرمپ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ آخری تاریخ کو دو ہفتوں تک بڑھا دیں۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان پورے خلوص کے ساتھ ایرانی بھائیوں سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لئے کھولنے کی درخواست کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہم تمام متحارب فریقوں سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ خطے میں طویل مدتی امن اور استحکام کے مفاد میں جنگ کے حتمی خاتمے کے لئے سفارت کاری کو اجازت دینے کے لئے ہر جگہ دو ہفتوں کے لئے جنگ بندی کی پابندی کریں۔