سعودیہ پرحملے قابلِ مذمت، ایران تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہا: کورکمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی:(دنیا نیوز) کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ سعودیہ پر حملے قابلِ مذمت ہیں، ایران تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل  وچیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈر ز کانفرنس ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔

کورکمانڈر کانفرنس میں کہا گیا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہے جب کہ شرکا نے سعودی پر پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس حملے کی شدید مذمت کی۔

فورم میں کہا گیا تھا ایران کے سعودی عرب پر حملے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سعودی عرب نے اب تک جس تحمل کا مظاہرہ کیا اِس سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی، بلا جواز جارحیت جاری پرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہے۔

فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اِس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ حکومت، مسلح افواج ، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم، معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنانے میں گامزن ہے۔

شرکا کانفرنس کا کہنا تھا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے تمام دہشت گرد پراکسی عناصر، اُن کے سہولت کاروں اور معاونین سمیت، بلا امتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیے جائیں گے۔

فورم نے کہا  ہے کہ آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر مکمل ختم نہ کر دیا جائے۔

شرکا کانفرنس نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی بھرپور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان متحمل مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اُصولی سفارت کاری کیلئے پرعزم ہے، ایک ذمہ دار سٹیک ہولڈر کے طور پر پاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پر فعال ریجنل سکیورٹی سٹیبلائزر کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اِسی طرح فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کے بیانیے کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔

فورم میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانےاور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا جب کہ کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں