سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار کا مثبت زون میں اختتام

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان رہا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 1500 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 49 ہزار 129 کی سطح پر آگیا ہے۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 465 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 51 ہزار 673 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 809 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 51 ہزار 207 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب مشرق وسطی کشیدگی کے باعث ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں بھی ملا جلا رجحان رہا۔

خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تھائی لینڈ اور چین کی سٹاک مارکیٹس میں بھی معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اسی طرح انڈونیشیا کے جکارتہ انڈیکس میں بھی تقریباً ایک فیصد کی مندی چھا گئی، جبکہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس کے علاوہ ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں بھی معمولی مندی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں