پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا زیادہ بوجھ عوام پر نہیں ڈالا: علی پرویز ملک
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا زیادہ بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، تیل کی قیمتیں مجبوراً عوام پر منتقل کرنی پڑیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی، حکومت نے 50 سے 60 ارب روپے ہفتہ وار خود برداشت کرے اور عوام کو ریلیف دیا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ دبئی، عمان کی منڈیوں میں کروڈ آئل 70 ڈالر فی بیرل تھا، اب یہ 170 ڈالر فی بیرل پر گیا ہے، دنیا کے دیگر ممالک میں پیٹرول کے لے لائنیں لگی ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے 80 فیصد سے زیادہ تیل درآمد کرتا ہے، دنیا بھر کی پیٹرولیم مصنوعات کا تقریباً 25 فیصد آبنائے ہرمز سے گزرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کا کویت پیٹرولیم سے پیٹرول، ڈیزل منگوانے کا معاہدہ ہے، 5 سے ساڑھے 5 ڈالر پیٹرول پر پریمیم، ایک ڈالر کرایہ، چند ڈالر انشورنس کی قیمت تھی لیکن آبنائے ہرمز کی بندش سے سپلائی کے لیے متبادل انتظام کیا گیا ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے عوام کو آئل شاکس سے تحفظ دینے کی بھرپور کوشش کی ہے، سب کو آن بورڈ لے کر وزیراعظم سے درخواست کی کہ عوام کو فیصلے سے آگاہ کریں۔